کوئٹہ: ڈیجیٹل نیوز اردو(ویب ڈیسک)
بلوچستان کے علاقے بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر خودکش حملے میں 9 پولیس اہلکار جاں بحق 7 زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے ٹرک مکمل طور الٹ گیا جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سبی میلے سے ڈیوٹی کے بعد پیر کی صبح بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو لیکر ٹرک کوئٹہ جارہا تھا۔ سبی قریب بولان کے علاقے میں گھڑی پل کے قریب موٹر سائیکل کے ٹرک سے ٹکراتے ہی زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ٹرک الٹ گئی۔ سوار اہلکار دور جاکر گرے بعض ٹرک کے نیچے دب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پہنچے زخمیوں اور لاشوں کو سبی کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ جہاں واقعے میں 9 پولیس اہلکاروں کے جاں بحق اور 7 زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی۔ جاں بحق اہلکاروں میں دو اے ایس آئی شامل ہیں ہسپتال ذرائع کے مطابق لاشوں کی شناخت اور زخمیوں کو طبی امداد دینے کا عمل جاری ہے۔ تاہم 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں ابتدائی طور پر واقعہ موٹر سائیکل سوار کے ذریعے خودکش حملہ لگتا ہے۔ دھماکے کے فورا بعد بم ڈسپوزل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔علاقے کو سرچ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سبی کے قریب بلوچستان کانسٹبلر ی کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی کا روائی میں اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلی سیکرٹیریٹ سے جاری بیان میں میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر بذدلانہ کاروائیوں سے مزموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کر کے بلوچستان کو پسماندہ رکھنے کی سازش کی جارہی ہے۔ایسی تمام سازشوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنایا جاۓ گا۔وزیراعلی نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال اور ملک کے تحفظ کے لیۓ جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔دعا ہے کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرماۓ
