بلوچستان کے علاقے بارکھان میں موٹرسائیکل پر نصب بم کا دھماکہ 4 افراد جاں بحق جبکہ بچیوں سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کے باعث زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کے مطابق رکنی بازار میں ہوٹل کے سامنے بم دھماکہ اتوار کو اس وقت ہوا جب وہاں لوگوں کا رش لگا ہوا تھا۔ دھماکہ کی شدت سے علاقہ لرز اٹھا جبکہ دھماکے کی آواز پورے میں شہر میں گونج اٹھی۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔ علاقے کو گھیرے میں لیکر زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے سے آس پاس کی دکانوں، موٹرسائیکلوں اور ریڑھیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر جبکہ چوتھا بعد میں دم توڑ گیا۔ واقعے میں دو بچیوں سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں پانچ کی حالت تشویشناک ہے جنہیں مزید علاج کے لئے ڈیرہ غازی خان بھیج دیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق بم موٹرسائیکل میں نصب تھا جسے بظاہر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اڑایا گیا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں۔ تفتیش کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں نے نعشوں اور زخمیوں کو بنیادی مرکز صحت منتقل کیا جہاں پر کوئی ایم بی بی ایس ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔ایم ٹی سٹاف نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی
دھماکے کے بعد شہریوں نے احتجاج شروع کردی بازار مکمل طور پر بند کردیا گیا احتجاج سے سول سوسائٹی کے نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کررہے مقررین کا کہنا تھا ہم کب تک اسی طرح مرتے رہیں گے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گرفتار کیا جائے اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے اپنے بیان میں سیکورٹی حکام کو دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سیکورٹی کی حکمت عملی کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بھی رکنی میں دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیر داخلہ میر ضیا لانگو نےافسوسناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر رنج و غم کا اظہار اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کی ہے انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فورسز اور پولیس کی بے پناہ قربانیوں کے بعد امن بحال ہوا۔ کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہے۔ اتحاد اور اتفاق سےدشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔
