بلوچستان: جعفرایکسپریس پر بم دھماکہ ، 8 بوگیاں الٹ گئیں 15 مسافر زخمی

کوئٹہ: ڈیجیٹل نیوز اردو(ویب رپورٹر)
بلوچستان کے علاقے بولان میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکہ کے نتیجے میں مچھ سے پشاور جانے والی جعفرایکسپریس کی 8 بوگیاں الٹ گئیں خواتین سمیت 15 مسافروں کے زخمی ہوگئے۔
ریلوے اور لیویز حکام کے مطابق سبی سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر بولان کے علاقے میں پنیر ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹریک پر دھماکہ مچھ سے براستہ لاہور پشاور جانے والی جعفرایکسپریس کے گزرتے وقت ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ ٹرین کی بوگی نمبر 5 کے نیچے ہوا ہے جسکے نتیجے میں انجن سمیت 8 بوگیاں ڈی ٹریک ہوکر الٹ گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 6خواتین سمیت 15 زخمیوں کو سی ایم ایچ سبی منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو کی حالت تشویشناک ہے جائے وقوعہ دشوار پہاڑی علاقے میں ہے جہاں پر جانے کے لئے سڑک بھی نہیں نہ گاڑیاں جاسکتی ہیں جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری طرف سبی اور مچھ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے تمام عملے کو طلب کرلیا گیا ہے ریلوے حکام کے مطابق مچھ اور سبی سے ریلیف ٹرینیں بھیج دی گئیں ہیں۔ بم دھماکے سے ٹریک کے نیچے 6 فٹ گہرا گھڑہ پڑ گیا ہے جبکہ ٹریک کا 10 فٹ تک حصہ تباہ ہوگیا ہے ۔ ٹریک بحال کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں حکام کے مطابق مچھ سے ریلیف ٹرین کے ساتھ بوگیاں روانہ کردی گئیں ہیں جن میں جعفرایکسپریس کے مسافروں کو سبی منتقل کیا جائے گا۔ ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے اپنے بیان میں واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعفرایکسپریس دھماکہ کے بعد ریسکیو اور ریلوے ٹریک بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ایف سی اور انتظامیہ کی مدد سے متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جارہی ہے، فرح عظیم شاہ کا کہنا ہے کہ دھماکہ ریلوے ٹریک پر ہوا ہے واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور قائمقام گورنر جان محمد جمالی نے جعفر ایکسپریس کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعہ کی مزمت کرتے ہوئے مسافروں کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلی نے ڈپٹی کمشنر کچھی اور سبی کو فوری طور پر ریسکیو سرگرمیوں کے آغاز کی ہدایت کی ہے انہوں نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کر کے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں ۔سبی اور دیگر قریبی علاقوں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جاۓ۔۔علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید موثر کئے جائیں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی پیر کوہ ٹرین پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں