کوئٹہ، ایک روز میں دوسرا بم دھماکہ، مزید 8 افراد زخمی ہوگئے

کوئٹہ: ڈیجیٹل نیوز اردو(ویب رپورٹر)
صوبائی دارالحکومت میں چند گھنٹے کے وقفے کے بعد دوسرے دستی بم دھماکے میں پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سیٹلائٹ ٹاون کے علاقے میں نامعلوم افراد نے پولیس ناکے پر دستی بم پھینکا
پولیس کے مطابق اتوار کی شام سیٹلائٹ ٹاون تھانے کے حدود میں چالو باوڑی کے مقام پر نامعلوم افراد نے پولیس ناکہ پر دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔ بم پھٹنے سے ناکے پر موجود پولیس اہلکار سمیت راہگیر زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نفری جائے وقوعہ پر پہنچی زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جائے وقوعہ کی ناکہ بندی کرکے تفتیش شروع کردی گئی اور شواہد بھی اکھٹے کرلئے گئے ہیں
محکمہ صحت بلوچستان کے ترجمان نے دھماکے کے زخمیوں کی تفصیل جاری کی ہے، فہرست کے مطابق دھماکے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں عبدالنبی، محمد عمر، محمد فائق، تنویر احمد ، ثناء اللہ ، وزیر محمد، راحیلہ، لیاقت علی ولد شامل ہیں، زخمیوں طبی امداد دی جارہی ہے۔
اس سے قبل کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر شہید امیر دستی تھانے کے سامنے بم دھماکے کے نتیجے میں خاتون اور بچی سمیت چار افراد زخمی ہوگئے تھے
برورہ پولیس کے مطابق اتوار کی سہ پہر سبزل روڈ پر واقعہ شہید امیر دستی تھانے کے قریب دستی بم کا دھماکہ ہوا جس کے زد میں آکر تین خواتین سمیت چار راہگیر زخمی ہوگئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جبکہ جائے وقوعہ سے ایک اور دستی بم زندہ حالت میں برآمد ہوا۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔ بی ڈی ٹیم نے ملنے والے دستی بم کو ناکارہ بنادیا۔ جائےوقوعہ شنوائد اکھٹے کرلئے گئے جبکہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے، ترجمان محکمہ صحت کے مطابق زخمیوں سول ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے جن میں 25 سالہ قیوم، 28 سالہ زبیر احمد، 17 سالہ کائنات، اور 13 سالہ بی بی حوا شامل ہیں۔وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سبزل روڈ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں تین خواتین سمیت چار افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلی نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور شہر میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلی نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے دہشت گردوں کے خلاف آئی بی اوز جاری رکھے جائیں گے اور امن کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جاۓ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں